سیاستدان بن کر بہت جلد پاکستان آؤنگی ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں: ملالہ
لندن (این این آئی) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے ایک بار پھر سیاستدان بن کر ملک کی خدمت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اصل مقصد نوبل انعام حاصل کرنا نہیں بلکہ تعلیم کا شعور بیدار کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب میں ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ سوات کو بہت مس کرتی ہوں، بہت جلد پاکستان جاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دان بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہوں، ملکی رہنماؤں کو تعلیم کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں ملالہ نے کہا کہ ہوم ورک کرنا مشکل کام لگتا ہے، مگر والد اور فیملی نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔ پاکستان، بھارت تعلقات پر ملالہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہوں۔پاکستان میں مضبوط لیڈر شپ کی ضرورت ہے جب طالبان نے خواتین پر تعلیم کے دروازے بند کئے تو سیاستدان خاموش رہے۔