لاہور کا ضمنی الیکشن‘ تحریک انصاف کا جماعت اسلامی کی حمایت کا دعویٰ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے لاہور کے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کی حمایت کی یقین دہانی کا دعویٰ کیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے ابھی کسی جماعت کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا، اس حوالے سے آج بروز پیر فیصلہ کیا جائے گا۔ تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور کی قیادت میں وفد نے این اے 122 سے امیدوار عبد العلیم خان، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود الرشید و دیگرکے ہمراہ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد، احسان اللہ وقاص، ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد‘ خلیق احمد بٹ اور قصیر شریف سمیت دیگر سے ملاقات کی۔ ایک گھنٹہ سے زائد تک جاری رہنے والی ملاقات میں این اے 122 کے ضمنی انتخاب کے علاوہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور دونوں جماعتوں میں تعاون سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے بعد چوہدری سرور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا جماعت اسلامی نے ملاقات میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ مزید برآں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرورنے کہا لاہور کے ضمنی انتخابات میں ہر جگہ سے ’’بلے ‘‘کی آواز آرہی ہے اور فرشتوں نے ووٹ نہ ڈالے تو تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہو گی۔ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کا میاب ہوئے ہیں اور انشاء اللہ ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی عبد العلیم خان اور شعیب صدیقی کو سپورٹ کرے گی۔ دوسری جانب جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دونوں جماعتوں نے حمایت کے حصول کے لئے ہم سے رابطہ کیا ہے ہم نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا چوہدری سرور نے جماعت اسلامی مختلف تحفظات کو فوری دور کرنے کا کہا ہے۔