• news

پاکستان شام سمیت دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کا مخالف ہے: صدر ممنون

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان شام سمیت دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کا مخالف اور دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے شام میں تباہ کاریوں کی مذمت کرتا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اٹلی کو دوست اور شراکت دار تصور کرتا ہے اور اٹلی کے ساتھ اپنے دوطرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات صدر مملکت نے شام کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر ائیر مارشل ریٹائرڈ اطہر حسین بخاری اور اٹلی کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر ندیم ریاض سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ شام کی صورتحال سے متعلق پاکستان کا موقف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہے۔ پاکستان کے شام کے ساتھ تعلقات کثیر الجہتی اور گہرے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ تمام شعبوں میں برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نامزد سفیر ائیر مارشل ریٹائرڈ اطہر حسین بخاری کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اٹلی کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر ندیم ریاض سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اٹلی یورپ میں تیسرا اور عالمی سطح پر پاکستان کا دسواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ اطالوی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں متبادل اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے راغب کریں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا بھی اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن