دنیا کی 20 طاقتور افواج میں سے پاک فوج گیارہویں نمبر پر ہے: امریکی جریدہ
نیویارک (نیٹ نیوز) دنیا کی 20 طاقتور افواج میں سے پاک فوج کانمبر گیارہواں ہے۔ امریکی جریدے ’بزنس انسائیڈر‘ کا کہنا ہے کہ پاکستان آئندہ دہائی میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی ایٹمی قوت ہوگا جبکہ اس فہرست میں بھارت کا پانچواں نمبر ہے۔ امریکی جریدے کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے ایک تھنک ٹینک ’’کریڈٹ سوئس‘‘ نے دنیا کی پہلی 20 طاقتور افواج کی درجہ بندی کی ہے جس میں کہا گیا کہ بجٹ اور حجم میں کمی کے باوجود امریکی فوج دنیا کی مضبوط ترین فوج ہے جبکہ روس اور چین اس کے قریب ترین حریف ہیں تاہم 20 ممالک کی فہرست میں کینیڈا سب سے کمزور فوج کا حامل ہے۔ درجہ بندی کرتے ہوئے خالصتاً دفاعی سازوسامان اور اس کی تعداد کوسامنے رکھا گیا۔ اس میں اسلحے اور تربیت کی صلاحیتوں کو شامل نہیں کیا گیا۔ فہرست میں پاکستان کو گیارہویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کی بڑی افواج میں سے ایک ہے جس کا دفاعی بجٹ سات کھرب31ارب32کروڑروپے( سات ارب ڈالر) ہے۔فعال فوجی جوانوں کی تعداد چھ لاکھ سترہ ہزار ہے جبکہ پاکستان کے پاس2924 ٹینک، 914 لڑاکا طیارے اور آٹھ آبدوزیں ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان آئندہ دہائی میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی تیسری بڑی ایٹمی قوت ہوگا۔اس فہرست میں بھارت کو پانچواں نمبر دیا گیا جس کا جٹ52 کھرب20 ارب روپے (50ارب ڈالر) ہے جس کے پاس13لاکھ 25 ہزار ایکٹو فورس ہے۔اس کے پاس 6464 ٹینک، 1905طیارے اور 15آبدوزیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2020 تک دفاعی اخراجات کے لحاظ سے بھارت دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائے گا۔ رپورٹ میں بیس مضبوط افواج کی ترتیب کو اس طرح ہے پہلے نمبر پر امریکہ، روس، چین،جاپان، بھارت، فرانس، جنوبی کوریا، اٹلی، برطانیہ، ترکی، پاکستان، مصر، تائیوان، اسرائیل، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، پولینڈ، جرمنی، انڈونیشیاء اور کینیڈا ہے۔