کراچی میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے نوجوان قتل‘ ایک کلو کا بم ناکارہ بنا دیا گیا
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں پیر کو فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں موٹرسائیکل سواروں نے 30 سالہ ذاکر حسین کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ ادھر ابراہیم حیدری کے علاقہ میں 35 سالہ محمد ارشد‘ چاکیواڑہ میں 20 سالہ نواز جبکہ ناظم آباد میں 62 سالہ جاوید کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا گیا۔ دوسری طرف اورنگی ٹائون کے علاقے ایم پی آر کالونی میں ایک دکان کے باہر بم کی اطلاع پر پولیس پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق بم ایک کلو وزنی تھا جو بروقت کارروائی کے باعث پھٹ نہ سکا اور بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا۔ اسی طرح بلوچ کالونی میں حساس اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کیلئے فنڈز جمع کرنے والے میاں بیوی کو حراست میں لے لیا جو کوچنگ سینٹر کے مالک ہیں۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد دہشت گرد تنظیم کے سہولت کار ہیں۔