• news

پی پی 16 اٹک: شہید شجاع خانزادہ کا بیٹا جہانگیر بھاری اکثریت سے کامیاب

حضرو (نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) پی پی 16 اٹک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار اور شہید شجاع خان زادہ کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ 40390 ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر نعیم اعوان 4123 ووٹ لے سکے۔ اہلیان چھچھ نے شہید کرنل شجاع خانزادہ کے ساتھ وفا کا ثبوت دیدیا۔ پی پی 16 اٹک کی نشست پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں منعقد ہوئے اور انتہائی پرامن تھے۔ جہانگیر خانزادہ کی کامیابی کے بعد چھچھ بھر میں لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور نواز شریف شہباز شریف اور کرنل شجاع خانزادہ کے حق میں نعرے بازی کی۔ آئی این پی کے مطابق پولنگ کے دوران گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں قائم پولنگ سٹیشن میں مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار کے حامی ایک دوسرے پر پل پڑے اور شدید نعرے بازی کی‘ پریذائیدنگ افسر نے پولنگ سٹیشن سے دونوں امیدواروں کے حامیوں کو نکال دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشن نے کہا پی پی اٹک 16 پولنگ سٹیشنز کے نتائج سمارٹ فون سے جمع کرنے کا تجربہ کامیاب رہا تاہم 14 پریذائیڈنگ آفیسر نے موبائل سے براہ راست مرکزی سرور میں بھجوائے موبائل ٹیکنالوجی رزلٹ جمع کرنے میں آسانی کے ساتھ ساتھ شفافیت بھی لائے گی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پی پی 16 اٹک کے ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی پر صوبائی وزیر شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کومبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا جہانگیر خانزادہ کی کامیابی عوام کا پارٹی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن ) کی قیادت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن