پنجاب میں سٹیزن فیڈ بیک ماڈل قابل تعریف اور یہ پروگرام مثالی ہے: ورلڈ بنک
لاہور(خصوصی رپورٹر) ورلڈ بنک کے بورڈ نے پنجاب میں سٹیزن فیڈ بیک ماڈل کی تعریف کی ہے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی میں اس پروگرام کو مثالی قرار دیا ہے۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گزشتہ روز ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد نے کیا۔ ورلڈ بینک کے وفد نے کہا کہ سٹیزن فیڈ بیک ماڈل سے عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی میں بہت مدد مل رہی ہے اور یہ اپنی نوعیت کا منفرد اور حیران کن ماڈل ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو جاتا ہے۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں پنجاب حکومت سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے نمایاں اقدامات کر رہی ہے،جس پر وزیراعلیٰ مبارکباد کے مستحق ہیں۔