مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی پاکستان، بھارت کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہے: مشیر خارجہ
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل سے ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہے‘ بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے‘ عالمی برادری اس معاملے کا اب سنجیدگی سے نوٹس لے رہی ہے‘ بھارت میں مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری سے سرحدی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا۔ ایوان بالا میں بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں کے معاملے پر سینیٹر ستارہ ایاز کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا سرحدی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اٹھایا جاتا ہے۔ بھارت کے ہائی کمشنر اور ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا جاتا ہے۔ سکیورٹی کونسل کے مستقل ارکان کو ماہانہ بتایا جاتا ہے۔ ڈپلومیٹک کور کو بھی اس سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ فوجی مبصرین کے علاوہ ہم بھی اپنی رپورٹ اقوام متحدہ کو بھجواتے ہیں۔ ورکنگ بائونڈری کنٹرول لائن کی خلاف ورزی سے علاقائی امن کو خطرے کے حوالے سے سلامتی کونسل کو بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا یہ معمول کی خلاف ورزیاں نہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو سرحد تک رسائی فراہم کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت اس سلسلے میں تعاون نہیں کرتا۔ امید کہ عالمی برادری اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم‘ سینیٹر ستارہ ایاز‘ سینیٹر مشاہد حسین اور رحمان ملک نے تحریک پر اظہار خیال کیا۔