ووٹ بکتر بند گاڑیوں میں جائیں یا ایف سولہ میں نکلے گا شیر ہی: پرویز رشید
لاہور (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ووٹ چاہے بکتر بندگاڑیوں یا ایف سولہ میں الیکشن آفس منتقل کئے جائیں ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اس میں سے نکلنا شیر ہی ہے ، عمران خان نہ تو پہلے کبھی انتخاب لڑنے آئے نہ اب آئے ہیں، وہ صرف اور صرف انتخابات کو خراب کرنے اور دنگل بنانے آئے ہیں، ہماری پوری جماعت انتخابات کے میدان میں نہیں اتری نہ تو ہمارے چوہدری نثار آئے ہیں نہ خواجہ آصف اور نہ ہی اسحاق ڈار لیکن پی ٹی آئی نے طورخم سے گوادر تک کے تمام لیڈر ڈونگی گرائونڈ میں جمع کئے ہوئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں قالین سازی کی سالانہ تقریب میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ عمران کو پہلے بھی این اے 122میں شکست ہوئی تھی اور اب بھی ان کو پتہ ہے کہ بیلٹ بکس کی ہر پرچی سے شیر نکلے گا۔1997ء میں عمران خان نے چراغ کا نشان لیا ، 1700ووٹ لئے اور ان کا چراغ بجھ گیا،2002ء میں ان کا بَلا ٹوٹ گیا اور 2013ء میں این اے 122میں تحریک انصاف کا بلا گم ہوگیا تھا۔ ووٹ کارکردگی کی بنیا د پر مانگے جاتے ہیں ، عمران لاہور اور پشاور کا موازنہ کر کے ووٹ مانگیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمرا ن خان نے پشاور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادی ہیں ؟ وہاں صحت، تعلیم اور سڑکوں کے مسائل حل ہو چکے ہیں ؟ انہیں چاہیے کہ ایک تصویر پشاور کی لیں اور ایک لاہور کی لیں اور دونوں کو دیکھیں، لاہو رکے شہری میڑو بس کو گالی نکالنے والے کو ووٹ نہیں دینگے۔ پجارو والوں کے ووٹ 400اور عام عوام کے ووٹ لاکھوں ہیں۔ الزام تراشی کی سیاست مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ نہیں، میری دعا ہے کہ عمران خان سچ بولیں۔ پرویز خٹک کو الیکشن مہم میں خوش آمدید کہتے ہیں۔