پہلے پیپلزپارٹی کو سپورٹ ملی‘ ہر چاند عید کا نہیں ہوتا: پیر پگاڑا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی ڈنڈے کے زور پر الیکشن جیتتی رہی ہے پچھلے چاند میں پی پی کو سپورٹ حاصل ہوئی تھی ہر چاند عید کا چاند نہیں ہوتا۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ سندھ میں اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی نہیں ہوئی اس لئے تعلیم کا بیڑہ غرق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے 15 دن میں حالات میں کتنی تیزی آتی ہے حالات کیسے بدلتے ہیں آپ خود دیکھیں گے پی پی والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کیلئے عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا ابھی وقت ہے مسلم لیگ یکجا ہو جائے۔ پی پی پی سندھ کے لوگوں کو مشکلات سے نکالے متحدہ مسلم لیگ بنانی ہے تو مسلم لیگ کا جھگڑا تو پنجاب میں ہے سندھ میں ہم چند لوگ ہیں جہاں پوری محفل جائے گی ہم چل پڑیں گے پرویز مشرف عدالت سے نااہل ہو چکے پہلے وہ عدالت سے خود کو کلیئر کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو خود نہیں پتہ ان کے کیسز کا کیا نتیجہ آئے گا۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کا سب سے بڑا نقصان مشرف کو ہوا ہے اگر بے نظیر زندہ ہوتیں تو مشرف مزید 5سال صدر رہتے نواز شریف کو کہا تھا پنجاب میں تمام مسلم لیگوں کو متحد کریں کالاباغ ڈیم بنانے کیلئے پی پی سندھ کے علاوہ سب متحد ہیں۔