• news

سانحہ منیٰ‘ مزید 5 پاکستانی شہداء کی تصدیق‘ سپرد خاک کردیا گیا

مکہ مکرمہ (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی) سانحہ منیٰ کے مزید 5 پاکستانی شہداء کو تصدیق کے بعد منیٰ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اب تک سپرد خاک کئے جانیوالے کل پاکستانی حجاج کی تعداد 40 ہو گئی۔ پانچ شہداء میں بنوں کے محمد ریاض، لکی مروت کی بیگم جان، کراچی کی شاہدہ بی بی، شیر افضل خان، راولپنڈی کے ناصر جاوید شامل ہیں۔ مزید برآں سانحہ منیٰ میں خیر اللہ اور اہلیہ بی بی کی شہادت کی بھی تصدیق ہو گئی۔ خیر اللہ کے بیٹے اکرام اللہ نے والدین کی شہادت کی تصدیق کی۔ اے پی پی کے مطابق جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر عبدالحمید اباالاری نے کہا ہے حج مکمل ہونے کے بعد 13 سو بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے 4 لاکھ 30ہزار سے زائد حجاج کو انکے متعلقہ ممالک واپس بھیجا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق انڈونیشیا کے سینئر عہدیدار نے مکہ مکرمہ میں بتایا اسکے ملک کے 11 فرانزک ماہرین مکہ آئے ہیں جو فنگر پرنٹ کے ماہر ہیں۔ لاوارث نعشوں کی شناخت کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا ان کے 103 حاجی شہید ہوئے جبکہ 25 لاپتہ ہیں۔ ایران کی شہادتیں سب سے زیادہ 464 ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر مصر ہے جس کے 146 حاجی شہید ہوئے۔ اب تک 1172 حاجیوں کی شہادت کی اطلاع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن