پرامن بلوچستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے: میجر جنرل شیرافگن
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن کی زیرصدارت 2روزہ کمانڈنٹ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پیشہ ورانہ تربیتی امور، سرحدوں، داخلی سلامتی کی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ آئی جی ایف سی نے اپنے علاقوں میں تنصیبات اور ریلوے لائن، قومی شاہراہوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ میجر جنرل شیرافگن نے کہا کہ ایف سی عوامی مفادات کیلئے کام کرتی رہے گی۔ پرامن بلوچستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آئی جی ایف سی نے کمانڈنٹس پر زور دیا کہ سرحدوں پر مکمل چوکس رہیں اور ہروقت مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں فرنٹیئر کور کے آپریشن، ٹریننگ اور انتظامی استعداد کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔آئی جی ایف سی نے فرنٹیئر کور پر بلوچ نوجوانوں کی بھرتی کو یقینی بنانے پر زور دیا اور جوانوں کی تربیت کے معیار کو بہتر بنانے کے پروگرام کا اعلان کیا۔مزید براںجوانوں اورشہداء کے لواحقین کی فلاح کے لئے متعدد اقدامات کی منظوری دی۔