• news

فیصل آباد: زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی سمیت3 جاں بحق

لاہور+فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+خصوصی رپورٹر) مدینہ ٹاؤن کے علاقہ میں زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی سمیت تین افراد جاں بحق، ماں 2 بیٹوں سمیت شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق داؤد کالونی کے رہائشی بھٹہ خشت کے مزدور انور مسیح اپنے گھر کی چھت پر ایک کمرہ تعمیر کر رہا تھا جس کی چھت پر مٹی ڈالتے ہوئے اوپر والا زیر تعمیر کمرہ اچانک گر گیا اور اس کا ملبہ گرنے سے دوسرا کمرہ بھی زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجہ میں گھر کے تمام افراد ملبہ تلے دب گئے۔ اہل علاقہ اور ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے دبنے والے تمام افراد کو نکالا تو 13سالہ ندا دختر مقصود، دو سالہ علینہ دختر مقصود اور پانچ سالہ ساحل ولد ساجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکے تھے جبکہ 35سالہ علیزبت زوجہ مقصود اس کا بیٹا شمرون اور تیمور شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں تینوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ڈی سی او نورالامین مینگل اور وائس چیئرمین واسا میاں عرفان منان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ انہوں نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کی دلجوئی کی۔ دریں اثناء رضا آباد پلی کے علاقے میں شہری 45 سالہ شاہد طاہر کے گھر کی بوسیدہ چھت گر گئی جس کے نتیجے میں شاہد، اسکا 25 سالہ بیٹا پرویز اور 18سالہ بیٹی فہمیدہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دائود نگر میں گھر کی چھت گرنے سے تین بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونیوالے بچوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور پانچ، پانچ لاکھ امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے چھت گرنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن