پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا، 3 بل منظور، 4 آرڈیننس پیش کئے جائیں گے
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج (بدھ) سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت شروع ہوگا، دوپہر 2بجے شروع ہونے والے اجلاس کی سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں گزشتہ روز سپیکر رانا محمد اقبال خاں کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہو ا۔اجلاس میں سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں آج اجلاس کے لئے اسمبلی سیکرٹریٹ نے طویل ایجنڈا جاری کر دیا جس کے تحت 5آرڈیننس کی مدت میں توسیع جبکہ 4ایوان میں پیش کئے جائیں گے ایک بل متعارف اور لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل سمیت 3بلوں کی منظوری ایوان سے لی جائے گی جبکہ وقفہ سوالات میں محکمہ صحت کے حوالے سے بحث کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت ایک ہی روز میں سارے ایجنڈے کو پاس کرانے کی خواہاں ہے۔ اجلاس میں 5آرڈیننسز کی مدت میں توسیع کی قراردادیں ایوان سے منظور کرائی جائیں گی۔ایک بل ’’دی پنجاب فلڈ پلین (Plain) ریگولیشن بل2015ء ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جن 3بلوں کی منظوری دی جائے گی۔ان میں دی پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2015ئ،دی پنجاب کمیشن آن دی اسٹیتس آف ویمن ترمیم بل2015ء اوردی پنجاب میٹرنٹی بینفیٹس(Benefits) ترمیمی بل2015شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی آج ہونے والے اجلاس میں اگر ایجنڈا مکمل ہو جاتا ہے تو اجلاس آج ہی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا جا سکتا ہے،اگر ایسا نہ ہوا تو پھر جمعرات کے روز ملتوی کردیا جائے گا۔