برآمدی شعبہ کیلئے ریلیف پیکج تیار کر لیا‘ جلد اعلان کرینگے: خرم دستگیر
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ حکومت نے برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تمام برآمدی شعبوں کیلئے ریلیف پیکج تیار کر لیا ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا ۔ ملک میں امن قائم ہو گیا ہے اب تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے ۔ بھارت سمیت جس ملک سے بھی سستی اشیاء ملی درآمد کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مقامی ہوٹل میں پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے ہاتھ سے بنے ہوئے قالینوں کی چار روزہ عالمی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔یہ نمائش 6اکتوبر سے 9اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں برطانیہ ،اٹلی،فرانس،جرمنی،ایران،افغانستان اور ترکی سمیت دنیا کے 33ممالک کے قالینوں کے تاجر شرکت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ ریلیف پیکج میں برآمدی صنعتوں کیلئے بجلی کے نرخ حقیقت پسندانہ بنائے جائیں گے جبکہ مقامی ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم کیا جائے گا ۔