ودہولڈنگ ٹیکس: تاجروں اور وزیر خزانہ کے درمیان مذاکرات آج ہونگے
لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ تاجروں کا نمائندہ وفد آج جمعرات کے روز وزارت خزانہ کے دفتر میں مذاکرات کریگا۔ مذاکرات میں وزیر خزانہ اسحق ڈاراور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف بھی موجود ہونگے۔ تاجر نمائندے مذاکرات سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں اپنا مشاورتی اجلاس کریں گے۔ جس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے تاجر بھی شریک ہونگے۔ حکومت سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں 13 اکتوبر کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا گھیرائو کیا جائیگا۔ انہوں نے تاجروں کے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کو 31دسمبر تک موخر کیا جائے۔ تمام سیلز ٹیکس کی وصولی مینوفیکچرنگ کی وصولی ٹرن اوور کی بنیاد پر کی جائے۔ خیبر پختوانخوا کی ماضی میں دی جانیوالی تمام ٹیکس سہولیات کو 3سال کیلئے بحال کیا جائے۔ ریجنل سطح پر تاجر نمائندوں پر مشتمل ٹیکس ایڈوائزر کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔