• news

پارلیمنٹ ہائوس اور لاجز میں کاکروچوں، چوہوں کی بھرمار، رضا ربانی برہم

اسلام آباد (انعام اللہ خٹک+ نیشن رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) رضا ربانی اور مولانا عبدالغفور حیدری نے پارلیمنٹ ہائوس، پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں اور کاکروچوں کی بھرمار پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صفائی کا حکم دیا ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ انہوں نے کئی ممالک کے پارلیمنٹ ہائوس دیکھے ہیں جو بڑے صاف ستھرے ہیں لیکن ہمارا پارلیمنٹ ہائوس صفائی کے حوالے سے سب سے گندم ہے حتی کہ یہاں لان میں گھاس بھی نہیں کاٹی جاتی۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس، پارلیمینٹ لاجز، پارلیمانی کیفے ٹیریا اور اقامت گاہوں کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق مشترکہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اولڈ یو ایس ایڈ بلڈنگ کو آتشزدگی کے کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں مجالس قائمہ کے دفاتر کیلئے خطرناک قرار دیدیا گیا۔ امریکہ نے اس کو بم پروف عمارت بنایا ہے لیکن آگ لگنے کی صورت میں باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا کسی ناخوشگوار واقعہ پر لوگ عمارت میں محصور ہو کر رہ جائیں گے۔ سی ڈی اے کو فوری طور پر اس حوالے سے انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن