• news

واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال‘ مظاہرے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان) واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال‘ مظاہرے، ریلیاں نکالیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں واپڈ ا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیراہتمام محکمہ بجلی و واپڈا کے ہزاروں ملازمین نے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف اور ملک میں جہالت، بے روزگاری، فرسودہ جاگیرداری و سرمایہ داری نظام کے خلاف احتجاج کیا۔ محنت کشوں نے چاروں صوبوں کے اہم شہروں بمعہ پشاور مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلیاں و جلوس منعقد کئے۔ لاہور میں ہزاروں ملازمین نے ایوان اقبال کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی ریلی منعقد کی۔ مظاہرین نے قومی پرچم، لال جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی عوام دشمن پالیسیوں اور سب سے زیادہ منافع بخش بجلی کی کمپنی فیصل آباد کی مجوزہ نجکاری کے اعلان پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ آئی اے رحمان اور عابد حسن منٹو نے اپنے خصوصی پیغام میں حکومت سے مطالبہ کیا وہ یہ قومی مسئلہ پارلیمنٹ اور سینٹ آف پاکستان میں زیر بحث لائے۔ اس ریلی کو روبینہ جمیل صدر، یوسف بلوچ چیئرمین، اکبرعلی خان ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، اْسامہ طارق سیکرٹری اور خوشی محمدکھوکھر صوبائی سیکرٹری، جواد احمد قومی آرٹسٹ، چوہدری انور صدر ریلوے ورکرز یونین، رانا حسن جنرل سیکرٹری پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائز یونین اور یونین کے نمائندگان ساجد کاظمی،حاجی یونس کمبوہ، مقصود احمد، رانا عبدالشکور، مظفر متین، رانا اکرم، شیخ شعیب اور ذوالقرنین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے واضح کیا فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور دیگر بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف سینٹ آف پاکستان اور قومی اسمبلی کی واٹر اینڈ پاور کمیٹی نے بھی حکومت سے سفارش کی ہے۔ وزیراعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا وہ اس قومی مسئلہ کو سینٹ آف پاکستان و قومی اسمبلی میں زیر بحث لائیں اور کارکنوں سے بامقصد مذاکرات کریں ورنہ محکمہ بجلی واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکن اسلام آباد دھرنا دیں گے۔ ایک قراردادکے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیاگیا وہ پی آئی اے کے پائلٹوں کے جائز مطالبات پر مثبت فیصلہ کرکے ان کی درپیش پریشانیاں جلد دور کرے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گیپکو ریجن میں دفاتر کی تالہ بندی، انجینئر یونین بھی احتجاجی مظاہرہ میں شا مل ہو گئی، ریجنل چیئرمین سی بی اے محمد اقبال ڈار اور جنرل سیکرٹری کی زیرقیادت دفاتر کی تالہ بندی کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،ایکسین کینٹ شیخ امان اللہ، ایکسین ٹی اینڈ ٹی فیصل نفیس، جاوید ورک، ملک سعید، اخلاق احمد چیمہ، میاں عطا الرحمن، عبد الرزاق جٹھول، ساجد ڈار اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا اگر ان کا معاشی قتل کر نے کی کو شش کی گئی تو پو رے ملک کی بجلی بند رکھیں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق واپڈا سب ڈویژن حافظ آباد کے تمام دفاتر میں بھی گزشتہ روز نجکاری کے خلاف احتجاجاً مکمل ہڑتال کی گئی۔ ملک شفقت محمود اور عبدالرزاق ملک نے کہا واپڈا کی نجکاری سے ملازمین کا معاشی قتل ہوگا۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین نے یہاں مکمل ہڑتال کی۔ یونین کے صدر رائے محمد جہانگیر کھرل نے کہا واپڈا کی نجکاری کو ہم کسی طور پر قبول نہیں کریں گے۔ علاوہ ازیں جھنگ، بورے والا، چیچہ وطنی، کمالیہ میں بھی ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کی کال پر فیسکو کے ہزاروں مزدوروں نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف بھرپور ہڑتال کی، دفاتر کو تالے لگائے۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی نجکاری کے خلاف گیپکو ملازمین نے چودھری ارشد سندھو، ظفر گجر کی قیادت میں لاہور روڈ پر ریلی نکالی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین کا کہنا تھا حکومت واپڈا کو فروخت کرنے کی بجائے کالاباغ ڈیم اور مزید ایسے ڈیم بنائے تاکہ عوام کو سستی بجلی میسر آسکے۔ ہمیں واپڈا کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں، حکومت کو چاہئے وہ بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور بجلی چوری پکڑنے والے گیپکو ملازمین کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن