بلوچستان سے خوف کی فضا کو ختم کردیا: لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ
کوئٹہ ( بیورو رپورٹ) لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرخان جنجوعہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غیورعوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں نے مادر وطن کے دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملا دیا۔ نوجوانوں کے بلند حوصلے اور شب روز کی محنت روشن پاکستان کی ضمانت ہے۔ بلوچستان کے عوام اور حکومت سے امید ہے کہ وہ ’’جیوے جیوے بلوچستان جیوے جیوے پاکستان ہے ‘‘ جیسے نظرئیے کی آبیاری کرتے رہیںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فوج اور دیگر اعلیٰ سول وفود سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ آج میں اپنی مدت ملازمت پوری کرکے جا رہا ہوں لیکن میرادل انتہائی مطمئن ہے، صوبے سے خوف کی فضا کوختم کردیا ہے، آپ نوجوانوں کے بلند حوصلے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ بلوچستان امن کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے ہم نے صوبے سے احساس محرومی ختم کرنے اور ٹوٹے دلوں کو جوڑنے کیلئے ایک نظریہ دیاجو ’’جیوے جیوے بلوچستان جیوے جیوے پاکستان ہے ‘‘ ۔ اگست 2013ء میں بلوچستان تعینات ہوا تو اس وقت یہاں پاکستان کا جھنڈا لہرانا جرم تھا۔ اب بلوچستان میں کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں پاکستان کاپرچم لہرانہ رہا ہو۔ بلوچستان کے ساحل پرکم ازکم چار بین الاقوامی شہر دبئی اور سنگاپور کی طرز پر بنائے جاسکتے ہیں۔