• news

پیپلز ورکس پروگرام میں کرپشن، قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا معاملہ نیب میں لے جانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے این این) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس رانا محمد حیات خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں ارکان کمیٹی ملک ابرار، پروین مسعود بھٹی، نگہت پروین، شہناز سلیم، ساجد نواز اور مولوی آغا محمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز ورکس پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے اس پروگرام میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ من پسند افراد کوٹھیکے دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ معاملہ نیب یا ایف آئی اے کے سپرد کیا جائے گا اور ذمہ داران کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔ کمیٹی نے سی ڈی اے میں جعلی ملازمین کے معاملے کا بھی نوٹس لیا اور چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ تمام ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کرائیں اور جعلی ڈگری والوں کو فی الفور نکالیں۔

ای پیپر-دی نیشن