• news

اقتصادی راہداری سے بھارت کو بھی فائدہ ہو گا : جن لی کوئن

اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی) ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے نامزد صدر جن لی کوئن نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے بھارت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ امید ہے کہ بھارت کو اس منصوبے پر اعتراض نہیں ہوگا۔ ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کا صدر نامزد ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جن لی کوئن نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایشیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جس کے باعث اسے اس منصوبے سے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ فائدہ ملے گا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشکل عالمی اقتصادی ماحول میں شاندار اقتصادی ترقی کی ہے۔ جن لی کوئن نے کہا کہ بینک پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے تعاون فراہم کرے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشین انفرسٹرکچر بینک کے57ممبر ممالک ہیں جنہوں نے جن لی کوئن کو متفقہ طور پر بینک کا صدر منتخب کیا اور صدر نامزد ہونے کہ بعد پاکستان پہلا ملک ہے جسکا وہ دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سو ارب ڈالر فنڈ سے بینک قائم ہوگا جس میں تمام ممبر ممالک اپنی جی ڈی پی کے مطابق حصہ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے بینکوں کا کنسورشیم بنانے پر کام جاری ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک خطے کےلئے نہات اہم ہے، بینک خطے میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں معاون ثابت ہو گا، پاکستان دیامر بھاشا ڈیم کیلئے اے آئی آئی بی کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کا خیرمقدم کرے گا، اس میگا پراجیکٹ کیلئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے جبکہ اے آئی آئی بی کے صدر لی جن کوئن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے آئی آئی بی پاکستان میں انفرا سٹرکچر منصوبوں کیلئے مالی تعاون فراہم کرے گا۔
جن لی کوئن

ای پیپر-دی نیشن