آواران: جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک‘ اٹک میں 2 گرفتار
کوئٹہ+ پشاور+ کوہاٹ (نیوزایجنسیاں) ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران جھڑپ میں 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کو ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگروں کے خلاف سر چ آپریشن کیا اس دوران سکیورٹی فورس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوںکے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا۔ پشاور کے تھانہ یکہ توت کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد میں 9افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ادھر کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار افراد میں جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ مشتبہ افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران تینوں افغان کیمپوں میں گھر گھر تلاشی لی گئی۔ ادھر فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے دالبندین اور تربت میں دو مختلف کارروائیوں میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں راکٹ لانچر میزائل اور دیگر ایمونیشن برآمد کرکے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شعبے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ ادھر اٹک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے برہان انٹرچینج پر کارروائی کرکے گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 125کلوگرام بارودی مواد، 1600 ڈیٹو نیٹر اور 25 بنڈل تار برآمد ہوئی ہے، گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
3 دہشت گرد ہلاک