نااہل شخص کو سینڈک کا سربراہ لگانے کا الزام‘ یوسف رضا کو نیب کا نوٹس
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) نیب نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو ایک اور نوٹس جاری کیا ہے جس میں سابق وزیراعظم سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی سفارش پر ’’سینڈک‘‘ کا سربراہ ایسے شخص کو لگایا جو اسکے اہل نہیں تھا یہ نوٹس اگرچہ سابق وزیراعظم کو موصول ہو چکا ہے مگر اس کا جواب دینے یا نہ دینے بارے میں فیصلہ انکے وکیل کرینگے اس حوالے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا کو بتایا کہ 5 اکتوبر کو جب وہ اپنے بھانجے سید اسد مرتضیٰ گیلانی کی قل خوانی سے فارغ ہوئے تو صحافیوں کے سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ نیب نے دور سپیکر قومی اسمبلی کے حوالے سے میرے خلاف ناجائز مقدمات قائم کئے جس کے نتیجہ میں میں نے 5 سال قید کاٹی اور بعد میں ان تمام مقدمات میں باعزت بری ہوا اب میں منتظر ہوں کہ نیب کب مجھ سے معذرت کرتی ہے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے انتظار کے جواب میں مجھے معذرت تو نہیں ملی مگر نیب کی جانب سے ایک اور نوٹس جاری کر دیا گیا ہے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ نیب کو جواب میرے وکیل دیں گے۔