• news

گیارہ اکتوبر کو شیر جیتے گا، نیا پاکستان نوازشریف کی قیادت میں بنائیں گے: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11 اکتوبر کو جیت شیر کے حصے میں آئے گی، نواز شریف کی قیادت میں نیا پاکستان بنے گا، میٹرو بس چلی ہے اب اورنج لائن ٹرین بھی چلے گی۔ ایاز صادق اور محسن لطیف نواز شریف کے سپاہی ہیں۔ 11 اکتوبر کو شیروں کی جیت کے ساتھ ہی عمران خان کے جھوٹے الزامات دفن ہو جائیں گے کیونکہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر صرف بڑھکیں مارنے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کی ریلی سے حطاب میں کیا۔ جس میں سینکڑوں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں شامل تھیں۔ شملہ پہاڑی سے گڑھی شاہو، کواپ سٹور سے پی پی 147 تک ریلی کے شرکا کا جگہ جگہ استقبالی کیمپوں میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔ گھوڑوں کا رقص کروایا گیا کبوتر اور غبارے فضا میں بلند کئے گئے جگہ جگہ کارکنوں نے پرجوش نعرے لگائے شملہ پہاڑی سے ریلی کی قیادت میاں حمزہ شہباز، صوبائی وزیر میاں مجتبی شجاع الرحمان، چودھری شہباز ایم پی اے، ماجد ظہور ایم پی اے اور پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے کی۔ شملہ پہاڑی کے استقبالی کیمپ کے انچارج عامر خان نے میاں حمزہ شہباز کا استقبال کیا۔ اس موقع پر عمران گورایہ، خواجہ عمران نذیر، رخسانہ کوثر، مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ریلی کے باعث شہر کے بہت سے علاقوں میں ٹریفک میں تعطل پیدا ہوا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن