کسان پیکیج دھوکہ ہے‘ زراعت پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں: سراج الحق
ساہیوال‘ چیچہ وطنی‘اوکاڑہ (نامہ نگاران) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جوگی چوک ساہیوال میں ایک کسان لانگ مارچ ریلی سے خطاب کر تے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم کا کسان پیکج ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں موجودہ حکمران پاکستان میں صرف حکمرانی کر نے آئے ہوئے ہیں کیونکہ حکمرانوں کا سرمایہ اور بزنس بیرونی ممالک میں ہے حکمرانوں کو کسانوں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی نے کسانوں کو غریب سے غریب تر کر دیا ہے بجلی،کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں ایک طرف اضافہ تو ہو ہی رہا ہے جبکہ ان کی کوالٹی بھی کوئی نہ ہے دو نمبر ادویات، کھاد اور بیج بنانے والوں کے خلاف حکومت کوئی آپریشن نہیں کرتی بلکہ ایسے طبقہ کو تحفظ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مطالبات کی منظوری کے لئے جماعت اسلامی آخری حد تک کسان تحریک کا ساتھ دیتی رہے گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کپاس، مکئی، مونجی‘ گنے کی گندم کی طرح سپورٹ پرائز مقرر کرے کپاس کم ازکم 4ہزار روپے، مکئی 1800روپے، مونجی 2800 روپے اور گنا 250روپے فی من مقرر کیا جائے۔کھاد اور بیج کی قیمتوں میں بڑھتے ہوئے اضافے کو کنٹرول کیا جائے۔ انہوں نے شوگر ملوں کی طرف سے پچھلے سال کے کسانوں کے کروڑوں روپے کے واجبات کی ادائیگی ایک سال کا عرصہ گزر نے کے باوجود ادائیگیاں نہ کرنے پر احتجاج کیا اور اعلان کیا کہ کسانوں کے ہمراہ شوگر ملوں کا گھیرا? کریں گے۔ کسان بورڈ کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے کسان لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا اس سے قبل کسان لانگ مارچ کے شر کائ سینٹر سراج الحق کی قیادت میں ہڑپہ اور ساہیوال پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا بازاروں میں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔