بلدیاتی الیکشن، آرمی چیف پی پی پی کو دھاندلی سے روکیں: سندھ کے سیاسی رہنما
کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں اور شخصیات نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انتخابات میں مداخلت کریں ۔ پیپلزپارٹی کو دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ چوری کرنے سے روکیں ۔ایسا نہ ہوا تو صوبے میں بڑے پیمانے پر انارکی پھیلے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں پر عائد ہوگی ۔ حالات اس حد تک خراب ہوگئے ہیں کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں فوج اور رینجرزکو تعینات نہ کیا گیا تو ہم بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ن خیالات کا اظہار سابق وزرائے اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم ،لیاقت علی جتوئی ،سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ،سابق رکن قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ ،ارکان سندھ اسمبلی نند کمار ،شہریار خان مہر ،حسنین مرزا رکن قومی اسمبلی لالی مل، مسلم لیگ (ن) سندھ کے اسماعیل راہو ،مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما امیر بخش بھٹو ،نیشنل پیپلزپارٹی کے عاقب جتوئی اور دیگر نے الیکشن کمشن میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ تنویر ذکی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مشترکہ بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماو¿ں صوبائی الیکشن کمشنر کو پیپلزپارٹی اور صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی دھاندلی سے آگاہ کیا۔ غلام رحیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی گونج اب بھی سنائی دے رہی ہے اور پیپلزپاٹی اب بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کرنا چاہ رہی ہے۔ دھونس اور دھاندلی کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر لوگوں کو بلامقابلہ منتخب کرانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ الیکشن کمیشن دھاندلی روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ۔ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہیں ۔سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن سے مجھے کوئی امید نہیں۔ یہ حکومت کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے دھاندلی بڑے پیمانے پر کی اور کررہی ہے۔ پیپلزپارٹی دراصل زرداری اور” ادی لیگ“ ہے ۔ یہ ایک کمرشل دکان ہے ،جہاں مال بکتا ہے اور لوگ خریدار بن کر آتے ہیں۔ ہمیں صرف فوج پر اعتماد ہے۔ جنرل راحیل شریف کی کوششوں سے ہی ملک سے دہشت گردی ،غنڈہ گردی ،بھتہ خوری اور جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ہورہا ہے ۔بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو انارکی پھیلے گی اور لوگ باہر نکلیں گے ۔ذوالفقار مرزا نے آصف علی زرداری کے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے یہ مشورہ ان کو تین سال پہلے دیا تھا ۔مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سندھ اسمبلی نند کمار نے کہا کہ اب پیپلزپارٹی کرپشن کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی کا ریکارڈ قائم کرنا چاہتی ہے ۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر اسماعیل راہو نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت جمہوری سوچ کی حامل نہیں ۔سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے کہا کہ حالات اس حد تک خراب ہوگئے ہیں کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں فوج اور رینجرزکو تعینات نہ کیا گیا تو بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے ۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی لالی مل نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات غیر جانبدار ہوتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور حکومت سندھ نے یلغار کی ہوئی ہے۔ سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ریٹرننگ افسروں کو ڈپٹی کمشنرز نے تعینات کیا ہوا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما امیر بخش بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی دھاندلی کے ذریعہ الیکشن جیتنا چاہتی ہے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کے خلاف اہم سیاسی شخصیات نے اتحاد قائم کیا ہے۔
سندھ سیاسی رہنما