الطاف کی مفروری کا اشتہار اخبارات میں شائع، 7 روز میں عدالت پیشی کا حکم‘ بیان حلفی کے خلاف ہائیکورٹ میں متفرق درخواست
حیدرآباد+ (صباح نیوز+وقائع نگار خصوصی) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں مفروری کے اشتہارات اخبارات میں شائع کرا دیئے گئے ہیں۔انسداد دہشت گردی کی حیدرآباد عدالت نے الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی کے دو مقدمات میں انہیں مفرور ظاہر کرتے ہوئے اخبارات میں اشتہارات شائع کرائے ہیں۔ اشتہارات کے مطابق الطاف حسین کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا وارنٹ تعمیل کے بغیر واپس آگیا، اس کے بعد بھی ملزم برآمد نہ ہوسکا اور عدالت میں ملزم کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے۔ الطاف حسین کو ان اشتہارات کی اشاعت کے سات دن میں عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدم حاضری کی صورت میں عدالت ضابطہ فوجداری کی دفعہ کے تحت کارروائی کا آغاز کرے گی۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ میں الطاف حسین کی طرف سے داخل بیان حلفی کے خلاف متفرق درخواست اور بیان حلفی داخل کر دیا گیا۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست اور بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین نے اپنے بیان حلفی میں حقائق کے برعکس جھوٹ بولا ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف ان کی طرف سے استعمال کی گئی زبان ریکارڈ پر ہے۔ بیان حلفی میں جو زبان استعمال کی گئی وہ بھی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کی طرف سے الطاف کے بیان پر جرح کرنے کی اجازت دی جائے۔ متفرق درخواست پر سماعت آج ہونے کا امکان ہے۔
الطاف