پشاور: فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق، 2 کمسن بیٹیاں زخمی
پشاور(بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پشاو رکے علاقہ ڈومہ گلی میں جوہر علی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کی واردات کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بیٹیوں کو سکول لے جانے والے افغان کمشنریٹ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملک جرار علی حیدر جاں بحق جبکہ ان کی دونوں کمسن بیٹیاں شدید زخمی ہوگئیں جنہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ علی الصبح پیش آنے والے اس واقعہ سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ جمعرات کی صبح افغان کمشنریٹ کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر ملک جرار علی حیدر اپنی کمسن بیٹیوں بسما اور رباب کو موٹرسائیکل پر سکول لے جارہا تھا راستہ میں جوہر علی روڈ پر ڈومہ گلی کے قریب پہلے سے گھات لگائے نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ملک جرار دونوں بیٹیوں سمیت شدید زخمی ہوگیا جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعدازاں ملک جرار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔پولیس کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔ این این آئی کے مطابق رسالپور میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران غیرملکیوں سمیت 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پولیس اور رینجرز نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 اور ایف 7 کے فلیٹس میں سرچ آپریشن کرکے 5 افراد کو گرفتار کر لیا اور ملزمان کے قبضہ سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
سب انسپکٹر جاں بحق