نندی پور منصوبہ سے پاکستان روشن ہونے کی بجائے اندھیرے میں ڈوب گیا‘زرداری کو قیادت چھوڑنے کیلئے کسی نے نہیں کہا: خورشید شاہ
ملتان (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی فرینڈلی اپوزیشن نہیں کررہی بلکہ عوام کے مسائل پر پارلیمنٹ میں بات کی جاتی ہے۔ ملتان پہنچنے پر ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین ہیں انہیں پارٹی کی قیادت چھوڑنے کو کسی نے نہیں کہا۔ وزیراعظم نواز شریف نے نندی پور پراجیکٹ کی تکمیل کے وقت کہا تھا کہ اب ملک سے اندھیرے ختم ہوگئے ہیں مگر نندی پور پراجیکٹ پر 22 ارب سے 80 ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود نندی پور کے اندھیرے ختم نہیں ہوئے۔ نندی پور پراجیکٹ ہمارے وزیر قانون کی طرف سے ناقابل عمل ہونے کے باعث روکا گیا تھا مگر موجودہ حکومت نے نندی پور پراجیکٹ پر خوب خوشیاں منائیں۔ نندی پور پراجیکٹ سے پاکستان روشن ہونے کی بجائے اندھیرے میں ڈوب گیا۔ یہ منصوبہ 22 ارب سے 80 ارب روپے پر پہنچ گیا اور یہ اب بھی ناقابل عمل ہے۔ ورلڈ بینک سے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ منیٰ حادثے کے حوالے سے کہا کہ لاپتہ افراد سولہ سے چوبیس گھنٹوں میں مل جاتے ہیں مگر سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانی حاجیوں کا کوئی پتہ نہیں چل رہا۔ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ضمنی انتخابات میں حکومتی مشینری کا استعمال الیکشن کمشن کی کمزوری اور ناکامی ہے۔
خورشید شاہ