غلط حلقہ بندیوں میں ملوث افسروں کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی)ہائیکورٹ نے الیکشن کمشنر پنجاب سے گجرات کے علاقے ٹانڈہ کی یونین کونسل نمبر چار کی غلط حلقہ بندی پر جامع رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے الیکشن کمشنر مسعود احمد ملک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ غلط حلقہ بندیوں میں ملوث افسروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ جسٹس عاطر محمود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے یوسی چار ٹانڈہ سے تحریک انصاف کی طرف سے وائس چیئرمین کے امیدوار امجد علی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ حلقہ بندی افسر نے گجرات کے علاقہ ٹانڈہ کی یوسی چار کی غلط حلقہ بندی کی اور بعض علاقوں کو دانستہ طور پر اس یونین کونسل سے نکال دیا گیا، غلط حلقہ بندی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تو متعلقہ حلقہ بندی افسر نے عدالت میں پیش ہوکر غلط حلقہ بندی کا اعتراف کیا اور اسے درست کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر مسلم لیگ ن کے دباﺅ پر غلط حلقہ بندی برقرار رکھی، الیکشن کمشنر پنجاب مسعود احمد ملک نے بتایا کہ انہوں نے حلقہ بندی افسر ماجد ڈوگر سمیت دیگر افسروں سے جانچ پڑتال کی ہے، ان کے مطابق آبادی کے لحاظ سے درست حلقہ بندی کی گئی ہے، حلقہ بندیوں کا عمل اب ختم ہو چکا ہے اور بیلٹ پیپرز بھی چھپنے کیلئے چلے گئے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کے روبرو نقشہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمشنر پنجاب بھی عدالت میں جھوٹ بول رہے ہیں، آبادی کا کچھ حصہ یوسی چار سے نکال کر یوسی پانچ میں ڈال دیاگیا، عدالت نے درخواست پر مزید سماعت تیرہ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
رپورٹ طلب