بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سمجھوتہ ایکسپریس روکنے پر اظہار تشویش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سمجھوتہ ایکسپریس کے آپریشن منسوخ کرنے پر تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بھارت آئندہ اس قسم کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دے گا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں متعین بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر راگھورام کو دفترخارجہ میں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا نے طلب کرکے آٹھ اکتوبر کو سمجھوتہ ایکسپریس کی روانگی منسوخ کرنے پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔ بھارت پر واضح کیا گیا کہ ٹرین کی منسوخی سے دو سو سے زائد مسافروں کو پاکستان سے بھارت جانے کے حوالے سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت پاکستان نے ایسے پھنسے ہوئے بھارتی مسافروں کو جنہیں سرحد عبور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی عارضی قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان نے بھارت سے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات سے اجتناب کیلئے بھرپور کوشش کرے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسافروں کو سہولیات فراہم کرے گا۔