• news

منڈی احمد آباد: فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین یونین کونسل کے امیدوار سمیت 3 جاں بحق

اوکاڑہ+ حویلی لکھا + لاہور (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) نواحی قصبہ منڈی احمد آباد (کوٹ عمر حیات) میں 2سیاسی جماعتوں کے مابین مسلح تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے 3کارکن جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین کونسل کے امیدوار اسلم چنا بھی شامل ہیں جبکہ 2 کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ علاقے میں خوف و ہراس اور کشیدہ ہو گئی۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میاں منظور وٹو کے آبائی حلقے منڈی احمد آباد کی یونین کونسل حیات آباد میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکن اپنی بلدیاتی انتخابی مہم چلانے میں مصروف تھے کہ اس دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں کا پارٹی بینر لگانے کا جھگڑا ہوا جبکہ شدت اختیار کر گیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کے اسلم چنا، محمد امین ہسپتال جاتے ہلاک ہوئے اور محمد عظمت 3کارکن جاں بحق ہو گئے جبکہ 2لیگی کارکن بھی شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کی اطلاع پر ڈی پی او اوکاڑہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا۔ بتایا گیا ہے کہ 2نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے منڈی احمد آباد میں فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا اور آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن