پشتو کے معروف اداکار بدر منیر کی 7و یں برسی کل منائی جائے گی
لاہور (کلچرل رپورٹر)پشتو فلموں کے معروف اداکار بدر منیر 7ویں برسی کل اتوار کو منائی جائے گی ۔ بدر منیر نے عملی زندگی کا آغاز کراچی کی سڑکوں پر ایک رکشہ ڈرائیور کی حیثیت سے کیا۔ فلموں سے لگا ﺅ کے باعث وحید مراد کے آفس میں کام شروع کر دیا ۔ وحید مراد نے 1969 ءمیں پشتو زبان کی معروف رومانوی داستان یوسف خان شیربانو بنانے کا فیصلہ کیا تو انہیں ایک پشتو بولنے والے ہیرو کی ضرورت پڑی، ان کی نظرپڑی بدرمنیر پر، وحید مراد جیسے مردم شناس کا اندازہ غلط ثابت نہ ہوا اور بدرمنیر ایک ہی فلم کے بعد سٹار بن گیا۔بدر منیر کی پہلی پشتو فلم یاسمین خان کے ساتھ تھی جس کے بعد دونوں کی جوڑی کو جو پذیرائی ملی وہ 1970سے 1990تک قائم رہی۔یوسف خان شیربانو سے شروع ہونے والا فلمی سفر پھر کہیں نہیں رکا، اپنے 42سالہ فلمی دور میں انہوں نے 700 سے زائد اردو، پنجابی، سندھی اور پشتو فلموں میں کام کیا۔ بدرمنیر کی سب سے بڑی خاصیت ان کی انکساری اور پرستاروں سے خصوصی محبت تھی۔ ان کی آخری پشتو فلم ”زمانہ پاگل جانانہ“ 2005ءمیں نمائش کے لئے پیش ہوئی تھی۔ بدرمنیر کے پانچ میں سے دو بیٹے سید منیر اور عقل منیر کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔پاکستان کے دلیپ کمار کا خطاب پانے والے بدرمنیر 11 اکتوبر 2008 ءکو دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملے۔ پشتو فلموں کے بے تاج بادشاہ بدر منیر نے چار دہائیوں تک اپنے پرستاروں کے دلوں پر راج کیا ہے، اپنی لاجواب اداکاری کے ذریعے وہ ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔