انڈر 18 سنوکر ورلڈ کپ‘ پاکستان کے عبدالرحیم سیمی فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں جاری آئی بی ایس اے ورلڈ جونیئر انڈر18-سنوکرکپ چیمپیئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی عبدالرحیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ انہوں نے جمعہ کو دو اہم میچز کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی ۔ جمعہ کی صبح پر ی کوارٹر فائنل میں انہوں نے ایران کے کھلاڑی ارمان اتاشوک خان کو4-0 (69-62، 70-38، 88-77 اور 65-39)سے شکست دی اور پھر شام کو ویلز کے کھلاڑی ٹائیلرز ریس کو 4-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کے عبدالرحیم اور محمد ثاقب نے اپنے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر پہلے16 سیڈڈ کھلاڑیوں کی سیڈنگ حاصل کی تھی ۔ تاہم محمد ثاقب اسرائیلی کھلاڑی عامر ناردیا سے3-0سے ہارنے کے بعد چیئمپیئن شپ سے باہر ہو گئے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں عبدالرحیم کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور وہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے سابق ڈائریکٹر فنانس محمدغفران قریشی کےسب سے چھوٹے صاحبزادے ہیں۔ لیگ راﺅنڈ کے پہلے میچ میں عبدالرحیم نے روس کے کراسوک کو 3-0سے، دوسرے میچ میں روس ہی کےویسیلی دیمیترنکو کو 3-0سے، تیسرے میچ میں فرانس کے نکولس مورتیوکس کو3-1سے اور چوتھے اور آخری لیگ میچ میںبھارت کے سیسیلی واس منگلا کو3-1سے شکست دی۔ دوسری جانب محمد ثاقب نے اپنے لیگ میچز میںروس کے سیمین پیچینتیکوف کو 3-0سے، روس کے کریل پیٹروف کو3-2سے، لیتھوانیا کے نیکیتا کول پیچنکوکو 3-0سے اورایران کے عرفان نادری کو3-1سے شکست دی۔ ان میچوں میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں نے دو ، دو نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ کوارٹر فائنل کو شائقین کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ پاکستان بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (PBSA)کے صدر عالمگیر شیخ نے بھی دیکھا۔ انہوں نے عبدالرحیم کوویلز کے کھلاڑی کے خلاف کوارٹر فائنل جیتنے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔سیمی فائنل میں پاکستان کے عبدالرحیم کا مقابلہ ہانگ کانگ کے منگ تنگ چین سے آج ہو گا،۔ دوسرا سیمی فائنل ویلز اور ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کے مابین ہو گا۔ دونوں سیمی فائنل صبح ہوں گے جبکہ فائنل ہفتہ کی شام کھیلا جائے گا۔