بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائیگا
کانپور (اے پی پی) بھارت اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوںپر مشتمل سیریز کا پہلا ون ڈے کرکٹ میچ کل اتوار کو کانپور میں کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم نے میزبان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست دے دی تھی۔ پروٹیز ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹونٹی میچ آﺅٹ گراﺅنڈ فیلڈ ویٹ ہونے کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی سےریز کے بعد پانچ ون ڈے میچز بھی ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 اکتوبر کو کانپور میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ 14 اکتوبر کو اندور میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 18 اکتوبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 22 اکتوبر کو چنائی میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 25 اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائیگا۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 5 سے 9 نومبر تک موہالی میں کھیلا جائیگا۔دوسرا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 نومبر تک بنگلور میں کھیلا جائیگا، تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ 25 سے 29 نومبر تک ناگپور میں کھیلا جائیگا جبکہ چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 دسمبر تک دہلی میں کھیلا جائیگا۔