آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کی غلامی قبول نہیں، جن لوگوں نے قرضے لئے وہی ادا کرینگے: سراج الحق
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی قبول نہیں۔ جن لوگوں نے قرضے لیکر ملک و قوم کو صیہونی اداروں کا غلام بنایا وہی یہ قرضے ادا کریں گے۔ جب تک آئینی بنیادوں پر ان قرضوں کی شفافیت اور جانچ پڑتال نہیں ہوتی قومی خزانے سے ان قرضوں کی ادائیگیاں بھی کرپشن کے زمرے میں آتی ہیں۔ جن لوگوں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کروائے، وہ غریب نہیں تھے۔ ان کے اثاثوں کو نیلام کر کے ان کے ذمے واجب الوصول رقم واپس لی جائے۔ قومی مالیاتی اداروں کوکنگال کرنے کے بعدعالمی اداروں سے شرمناک شرائط پر قرضے لینے والوں کو ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں کہا جاسکتا۔ 68سال سے ملکی اقتدار پر قابض اشرافیہ کو لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔ ملک بھر کے کسان ایک خاندان ہے اس خاندان نے متحد ہوکراپنا بچاﺅ نہ کیا تو سرمایہ دار وں اور جاگیر داروں کا ٹولہ ان کی آئندہ نسلوں کو بھی غلام بنالے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کسان راج تحریک کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں، تانگہ، ریڑھی اور رکشہ والوں کی مشکلات جہازوں اور پراڈو میں سفر کرنے والے نہیں سمجھ سکتے، یہ لوگ اپنے شہزادوں کو نئے ماڈل کی قیمتی گاڑیاںتحفہ میں دیتے ہیں جبکہ محنت کش اور غریب اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی اور قلم اور کتاب تک نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالموں نے ہمارے معصوم بچوں اور ضعیف و ناتواں بزرگوں کو بھی محنت مزدوری پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ستحصالی اور ظالمانہ نظام کے خلاف لاکھوں کسان متحد ہوچکے ہیں، جماعت اسلامی نے ملک بھر کے کسانوں اور مزدوروں کو اسلامی و خوشحال پاکستان کے ایجنڈے پر جمع کیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کررکھا ہے، جب تک حکمران سودی نظام اور قرضوں کے جال میں پھنسے رہیں گے اقتصادی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
سراج الحق