پاکستانی بلے بازوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرنے کیلئے یونس خان کو 19 رنز کا شدت سے انتظار
لاہور (بی بی سی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز یونس خان کو 19 رنز کا شدت سے انتظار ہے کیونکہ یہ 19 رنز بنا کر وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن جائیں گے۔ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ جاوید میانداد کا ہے جنہوں نے اپنے کریئر کا اختتام 124 ٹیسٹ میچوں میں 57 :52 کی اوسط سے 8832 رنز پر کیا تھا جن میں 23سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ یونس خان نے 101 ٹیسٹ میچوں میں 54:07:کی اوسط سے8814 رنز بنائے ہیں جن میں 30 سنچریاں اور29 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یہ 30 سنچریاں ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔ جاوید میانداد کے 8832 رنز کے تعاقب میں درحقیقت دو بیٹسمین انضمام الحق اور محمد یوسف تھے۔ انضمام الحق کو جاوید میانداد سے آگے نکلنے کا سنہری موقع ہاتھ آیا تھا لیکن اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں وہ 3 رنز پر سٹمپڈ ہوکر صرف 3 رنز کی کمی سے اس ریکارڈ کو اپنے نام کرنے سے رہ گئے۔ محمد یوسف نے جب اپنے ٹیسٹ کریئر کا اختتام کیا تو ان کے نام کے آگے 7530 رنز درج تھے اور اسوقت یونس خان ہی ایک ایسے بیٹسمین رہ گئے تھے جن کے بارے میں عام خیال یہی تھا کہ وہ جاوید میانداد سے آگے نکل سکتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھارت کے سچن تندولکر ہیں جنہوں نے 15921 رنز بنائے ہیں۔