سلطان جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ آج ملائیشیاءمیں شروع ہو گا‘ قومی ٹیم پہلا میچ بھارت کیخلاف کھیلے گی
جوہربارو (اے اےن اےن) سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ آج اتوار سے ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم پہلا میچ آج روایتی حریف اور دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق 8روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں میزبان ملائیشیا، پاکستان، بھارت، برطانیہ، ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت اور ملائیشیا کو جونیئر ایشیا کپ کی تیاری میں مدد ملے گی جو کہ رواں سال نومبر میں ملائیشیا میں ہی کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے ابتدائی روز تین میچز کھیلے جائیں گے، ارجنٹائن کا مقابلہ آسٹریلیا، پاکستان کا مقابلہ بھارت اور برطانیہ کا مقابلہ ملائیشیا سے ہو گا۔ 12 اکتوبر کو آسٹریلیا کا مقابلہ پاکستان، برطانیہ کا بھارت اور ملائیشیا کا ارجنٹائن سے ہو گا۔ 13 اکتوبر کو آرام کا دن ہو گا۔ 14 اکتوبر کو برطانیہ کا مقابلہ پاکستان، ارجنٹائن کا بھارت اور آسٹریلیا کا ملائیشیا سے ہو گا۔15 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن،برطانیہ کا آسٹریلیا اور ملائیشیا کا بھارت سے ہو گا۔16 اکتوبر کو آرام کا دن ہو گا جبکہ 17 اکتوبر کو آخری میچز کھیلے جائیں گے۔ارجنٹائن کا مقابلہ برطانیہ، آسٹریلیا کا بھارت اور پاکستان کا ملائیشیا سے ہو گا۔ ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور اسی روز تیسری اور پانچویں پوزیشنز کیلئے بھی میچز کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کررہی ہے گزشتہ ایونٹ میں بھارت نے برطانیہ کو شکست دے کر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔