پی سی بی نے یونان کرکٹ الیون کے تمام میچز منسوخ کر دیئے‘ غیر ملکی ٹیم اکیس سال بعد سیالکوٹ آئی تھی
سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نامعلوم وجوہات پر یونان کرکٹ الیون کے تمام میچز منسوخ کر دیئے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر عمران رفیق ٹونی نے صدر یونان کرکٹ ایسوسی ایشن جوزف نیکیتاس، ایم ڈی یونین یونین کرکٹ ایسوسی ایشن وارد محمود اور سابق صدر سیالکوٹ ریجن ذوالفقار ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ صدر ڈی سی اے نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی اجازت سے سیالکوٹ، میر پور، گجرات، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں یونان کرکٹ الیون کو ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز کی اجازت دی تھی۔ لیکن نامعلوم وجوہات کے بنا پر گزشتہ روز پی سی بی نے تمام میچز منسوخ کر دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی دعوت پر یونان کی کرکٹ ٹیم کے 13کھلاڑیوں کے علاوہ دس آفیشلز نے پاکستان آئے۔ ان میچز کیلئے پی سی بی نے تمام ڈی سی اوز کو گراو¿نڈز اور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کی تھیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پی سی بی نے کوئی ٹھوس وجہ بتائے بغیر میچز کو منسوخ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 21سال بعد سیالکوٹ میں کوئی انٹرنیشنل ٹیم کھیلنے کیلئے آئی تھی۔ یونان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر جوزف نیکیتاس نے کہا کہ میچز منسوخ ہونے پر انہیں دکھ ہوا ہے ہماری خواہش ہے کہ ہم پاکستان میں میچز کھیلیں کیونکہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور خاص طور پر سیالکوٹ آنے پر خوشی ہوئی ہے۔ ذوالفقار ملک نے بتایا کہ یونان الیون اور سیالکوٹ کرکٹ الیون کے درمیان جناح کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والا ٹی ٹونٹی آج اتوار 11اکتوبر کو وی آئی پی گرو¿نڈ میں ہو گا۔