• news
  • image

بلوچ پاکستان کیساتھ رہنے کے خواہشمند ہیں نہ بھارت سے مدد مانگی: حیربیار مری

لندن (صباح نیوز) بلوچستان کے علیحدگی پسند رہنما اور نواب خیر بخش مری کے صاحبزادے حیربیار مری نے کہا ہے کہ بلوچ عوام پاکستان کے ساتھ رہنے کے خواہشمند نہیں ہیں لیکن وہ آزادی کے حصول کے لیے بھارت سے مدد لینے کے حق میں نہیں ہیں۔ لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں حیربیار مری نے کہا کہ وہ فری بلوچستان موومنٹ کے پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کا یا ان کے ساتھیوں کا شدت پسند گروپ بلوچ لبریشن آرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ براہمداغ بگٹی کی جانب سے بلوچ عوام کی خواہش پر آزاد بلوچستان کا مطالبہ چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کیے جانے پر بات کرتے ہوئے حیربیار نے کہا کہ نہیں، میرا نہیں خیال کہ بلوچ عوام کی اکثریت پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ بلوچ عوام کے سر سے جیٹ اور گن شپس ہٹا دیں تو آپ دیکھیں گے سو فیصد عوام یہی کہیں گے کہ ہم آزادی مانگتے ہیں۔ حیربیار نے ان اطلاعات کو مسترد کیا ہے کہ وہ آزاد بلوچستان کی مہم شروع کرنے کے لیے بھارت گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ25 برس قبل ایک سیاح کی حیثیت سے بھارت گئے تھے اور یہی ان کا آخری دورہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھارت سے مدد مانگی ہے اور نہ مانگوں گا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن