ملکی معیشت میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے حالات بہتر ہو رہے ہیں،روس
ما سکو (اے پی پی) روس کے حکا م نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ما سکو میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے روس کے مرکزی بنک کی نائب سربراہ کسینیا یودائیوا نے کہا کہ روس کے حکام غیرممالک سے مختلف اشیاء کی درآمد پر ملک کے انحصار کو کم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں اس لیے روس میں صنعتوں کو فروغ دیئے جانے کے اچھے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ مزید برآں روس کے مالیاتی حالات مستحکم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی منڈی کو ترقی دینے کے لیے موثر تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں جس کے با عث ملکی معیشت میں براہ راست سرمایہ کاری کے لیے حالات بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔