• news

ایاز صادق 2443 ووٹوں سے جیتے ریاض الحق کو 85714 ووٹ ملے: الیکشن کمشن این اے 122 میں ٹرن آﺅٹ43.10رہا پیپلزپارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط

لاہور(خصوصی رپورٹر) الیکشن کمیشن نے لاہور کے حلقہ این اے 122‘ اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا۔ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے این اے 122میں ضمنی الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے علیم خان کو 2443ووٹوں سے پچھاڑا۔ این اے 122اور پی پی 147کیلئے ریٹرننگ افسر زاہد اقبال کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق 74525ووٹوں کیساتھ کامیاب قرارپائے جبکہ تحریک انصاف کے علیم خان نے 72082ووٹ حاصل کیے ۔ این اے 122میں مجموعی طور پر ٹرن آﺅٹ 43.10فیصد رہا۔ ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے بیرسٹر میاں عامر حسین 819 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے اور وہ دیگر آزاد امیدواروں کے ہمراہ اپنی ضمانت ضبط کرا بیٹھے۔ جبکہ دیگر تیرہ امیدواروں میں سے کسی ایک نے بھی پانچ سو سے زائد ووٹ حاصل نہیں کئے۔ آزاد امیدوار میاں محمد یامین ٹیپو کو صرف پانچ ووٹ ملے۔ صوبائی اسمبلی پی پی 147 کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد شعیب صدیقی نے 31ہزار 964ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محسن لطیف اپنی نشست کا دفاع نہ کرسکے اور 28402 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور یوں شعیب صدیقی نے 3562 ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ٹرن آﺅٹ 44.42فیصد رہا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر گیارہ امیدوار میدان میں تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار افتخار شاہد ایڈووکیٹ 756ووٹ لے کر تیسرے اور آزاد امیدوار میاں عامر عباس 150ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے دیگر امیدواروں میں سے کسی نے بھی 100 سے زیادہ ووٹ حاصل نہیں کئے اور سب سے کم پنجاب نیشنل پارٹی کے امیدوار عبدالرشید نے صرف 8ووٹ حاصل کئے۔ حلقہ این اے 144 اوکاڑہ کے ریٹرننگ افسر جاوید اقبال کے مطابق آزاد امیدوار چوہدری ریاض الحق 85ہزار 714ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار علی عارف چوہدری 45ہزار 199ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار مہر عبدالستار 14186ووٹ لے کر تیسرے ‘ تحریک انصاف کے اشرف خان سوہنا 6356ووٹ لے کر چوتھے اور پیپلز پارٹی کے چوہدری سجاد حسین 4325 ووٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق این اے 144کے الیکشن میں نو امیدواروں سے حصہ لیا حلقے میں ٹرن آﺅٹ 51فیصد رہا۔
الیکشن کمشن/ رزلٹ

ای پیپر-دی نیشن