پاکستان‘ انگلینڈ ٹیسٹ آج ابوظہبی میں شروع ہو گا
لاہور+ ابوظہبی (نمائندہ سپورٹس+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج منگل سے ابوظہبی میں شروع ہوگا ٗ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح دس بجے شروع ہوگا ٗ مصباح الیون تاریخ دہرانے کیلئے پرعزم ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج منگل کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں شروع ہوگا ۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ صبح 10 بجے شروع ہوگا جبکہ مقامی وقت کے مطابق یہ میچ صبح 11 بجے شروع ہوگا ۔ ٹیسٹ سیریزکی تیاری کے لئے انگلینڈ کی ٹیم نے دو ٹور میچ بھی کھیلے جن کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا ۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 22سے 26اکتوبر تک کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ یکم سے 5نومبر تک کھیلا جائے گا ۔ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین ایک سیریز کا آغاز ہوگاتاہم ایک روزہ سیریز کی تیاری کے لئے انگلینڈ کی ٹیم ایک پریکٹس میچ بھی کھیلے گی جو 8 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔ پہلا ایک روزہ میچ 11نومبر، دوسرا ایک روزہ میچ 13 نومبر، تیسرا ایک روزہ میچ 17 نومبر جبکہ چوتھا اور آخری ایک روزہ میچ 20 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔ ایک روزہ سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ٹوئنٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی ۔ٹوئنٹی 20 سیریز کی تیاری کے لئے انگلینڈ کی ٹیم ایک اور پریکٹس میچ کھیلے گی ۔یہ پریکٹس میچ 23 نومبر کویو اے ای کی ٹیم کی خلاف کھیلا جائے گا ۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین پہلا ٹوئنٹی 20 میچ 26 نومبر، دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ 27 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹوئنٹی 20میچ 30 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے انگلش ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا جبکہ ماہرین اس مرتبہ بھی پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں پاکستان کو سیریز میں دو خطرناک سپنرز یاسر شاہ اور بلال آصف یا عماد وسیم کی خدمات حاصل ہونگی مایہ ناز آف سپنر سعید اجمل کو آئوٹ آف فارم کے باعث سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیاگیا ۔دریں اثناء مایہ ناز بلے باز یونس خان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جاوید میانداد کا آٹھ ہزار آٹھ سو بتیس رنز کا یکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کو پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔پاکستان کرکٹ کی شان یونس خان کو عظیم جاوید میانداد کا آٹھ ہزار آٹھ سو بتیس رنز کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انیس رنز درکار ہیں۔