این اے 122 میں ایاز صادق کی کامیابی پر گوجرانوالہ ‘پشاور‘ قصور‘ نارنگ منڈی میں جشن
لاہور+گوجرانوالہ + پشاور (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) این اے 122 لاہور ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایاز صادق کی کامیابی کے بعد قصور‘ نارنگ منڈی اور مسلم لیگ (ن) نے جشن کامیاب منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پشاور میں مسلم لیگ (ن) پشاور سٹی کے صدر محمد عمران کی قیادت می مسلم لیگی کارکنوں نے ریلی نکالی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ کارکنوں نے اس موقع پر مقامی مساجد میں شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر نعرے لگائے او اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر آنے والے ہر الیکشن میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق این اے 122سے مسلم لیگ ن کے کامیاب اُمیدوار سردار ایاز احمد صادق کی جیت کی خبر سنتے ہی قصور کے لیگی کارکنان اور شہری سڑکوں پر آگئے ۔ اور انہوں نے ڈھولوں تھاپ پر دھمالیں ڈالی اور شہر ِ قصور میںشیر کے نشان پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں اور ان کے ووٹروں ، سپورٹروں نے اپنے اپنے ڈیروں پر مٹھائی تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا ۔ لیگی کارکن اور شہریوں کے چھوٹے چھوٹے جلوس ایم این اے وسیم اختر شیخ اور حاجی نعیم صفدر انصاری کے ڈیروں پر پہنچ گئے اور انہوں نے میاں نواز شریف ، میاں شہباز شریف ، سردار ایاز صادق کے پوٹریٹ اٹھائے نعرہ بازی کی اور بھنگڑے ڈالے ۔نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق حلقہ این اے122میںمسلم لیگ ن کے امیدوار ایازصادق کی کامیابی پر تاجربرادری نے بھرپور جشن منایاجبکہ مسلم لیگی رہنماسردارنعیم رضامان ملک محمد عارف اور چوہدری آفتاب بٹرکرتوکی جانب سے بھی مٹھائیاںتقسیم کی گئی مقامی صدربازار میںتاجربرادری کے رہنمائوںشیخ محمد ارشد حاجی عبدالوحیدمغل سیٹھ شاہد ظہیرارشد مغل محمد بشیر قصاب شیخ محمدمنیرودیگرنے زبردست جشن کااہتمام کیا مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔علاوہ ازیںضمنی انتخاب میں این اے 122 سے کامیاب ہونے والے سردار ایاز صادق اور پی پی 147 سے جیتنے والے شعیب صدیقی اپنی رہائشگاہوں پر مبارکبادیں وصول کرتے رہے۔ پارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنما، حلقے کی عوام، دوست احباب اور عزیز و اقارب پھولوں کے گلدستے اور مٹھائیاں لے کر مبارکباد دینے آتے رہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر سے پارٹی رہنمائوں نے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہونے والے دونوں امیدواروں کو ٹیلیفون کرکے مبارکباد کے پیغامات دئیے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری برجیس طاہر، وفاقی وزیر دفاع رانا تنویر حسین سمیت، صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، حلقے کی عوام اور عزیز و اقارب کی ایک بڑی تعداد مٹھائیاں اور پھولوں کے گلدستے لے کر سردار ایاز صادق کو مبارکباد دینے انکی رہائشگاہ پر آئیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے دفاتر میں بھی اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی جاتی رہیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت کی رہائش گاہ پر لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خوشیاں مناتے رہے۔ سینکڑوں کارکنوں نے جمع ہوکر سردارایاز صادق کی ضمنی الیکشن میں کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور نعرے لگاتے رہے۔