• news

لوڈشیڈنگ جاری، لوگوں کو مشکلات کا سامنا، پانی کی بھی قلت

لاہور (کامرس رپورٹر +نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ پیر کو دفاتر اور فیکٹریاں کھلنے کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کر دیا گیا۔ بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 7 سے 9 گھنٹے کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ادھر گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 17500 میگا واٹ جبکہ پیداوار 13500 میگا واٹ رہی طلب ورسد میں4000 میگا واٹ کا فرق رہا۔ قلعہ دیدارسنگھ نامہ نگار کے مطابق شہر گردونواح میں 12 گھنٹے تک بجلی کی بندش نے زندگی اجیرن بنا دی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں اور مساجد میں پانی کی شدید قلت رہی۔ شہروں کا کہنا تھا کہ اگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ہم حکومت اور واپڈ ا کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ شہری بلبلا اُٹھے۔ ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹہ اور کبھی پندرہ منٹ کے لیے بجلی آنے پر مساجد میں پانی کی کمی کے علاوہ سکول و کالج جانے والے طالب علموں کے معمولات متاثر ہونے سے شہری بلبلا اُٹھے۔ بھکھی سے نامہ نگار کے مطابق بھکھی کے علاقہ فیصل آباد روڈ پر واقعہ132کے وی اے گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میںاضافہ ہو گیا ہے دیہی حلقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ13گھنٹے جبکہ شہری حلقوں میں لوڈ شیڈنگ11گھنٹے کی جاری ہے غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ آرسی سی کی جانب سے بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے جس سے دیہاتی علاقوں کے مکین سراپا احتجاج بن گئے۔

ای پیپر-دی نیشن