گوجرانوالہ: عدالت نے دادا، پھوپھی سے لیکر بیٹا بیٹی باپ کے حوالے کر دئیے، دونوں کی بچے چھیننے کی کوشش، غم سے خاتون بیہوش
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) عدالت نے بچوں کی حوالگی کیس میں بیٹے اور بیٹی کو باپ کے حوالے کر نے کا حکم دیدیا، بچوں کے دادا، پھوپھی کا احاطہ سیشن کورٹ میں واویلا اور چھینا جھپٹی، غم سے خاتون بے ہو ش ہو گئی۔ دھلے سمن آباد کے رہائشی نعیم شہزاد نے اپنی بیوی شبانہ کی وفات پر دوسری شادی کر لی تھی جس پر پہلی بیوی سے دو بچے 9 سالہ بلال اور 11 سالہ حمین اپنے دادا محمد ارشد اور بیوہ پھوپھی نیلم کے پاس رہتے تھے، نعیم نے اپنے دونوں بچوں کی حوالگی کیلئے ایڈیشنل سیشن جج لیاقت علی رانجھا کی عدالت میں کیس دائر کر رکھا تھا، فاضل جج نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بچوں کو انکے والد کے حوالے کرنے کا حکم دیا جس پر بچوں کی پھوپھی نیلم اور دادا ارشد نے عدالت کے باہر واویلا شروع کر دیا اور باپ سے بچوں کو چھیننے کی کوشش کی تاہم سیشن کورٹ سکیورٹی نے بچوں کو والد کے سپرد کر دیا۔ اس دوران نیلم بی بی بے ہوش ہو گئی جسے ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔