اپٹما کی کال پر ٹیکسٹائل ملز مالکان آج ہڑتال کریں گے
لاہور (کامرس رپورٹر) اپٹما کی کال پر ملک بھر میں ٹیکسٹائل ملیں آج ہڑتال کریں گی۔ یہ اعلان اپٹما پنجاب کے چیئرمین عامر فیاض نے گزشتہ روز اپٹما ہائوس میں مرکزی نائب چیئرمین شاہد مظہر، سینئر نائب چیئرمین پنجاب سید احسان علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کے بارے میں متعدد بار حکومت کو آگاہ کیا لیکن ہمیں امید دلانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا ان حالات میں ہمارے لئے ٹیکسٹائل انڈسٹری بند کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا ہے۔ آج مکمل یوم سیاہ ہوگا تمام اپٹما دفاتر اور ٹیکسٹائل ملوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک ٹیکسٹائل ملیں بند ہوں گی اور ایک دن کا نقصان 180 ارب روپے کے لگ بھگ ہوگا۔ گزشتہ 3ماہ کے دوران 35 ملیں بند ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص مالی پالیسیوں کے باعث مجموعی برآمدات میں 21 فیصد کمی واقع ہو چکی ہے اور ستمبر 2015ء میں ملک کی مجموعی برآمدات کا حجم 1.73 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں 2.17 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران غیرملکی دوروں کی بجائے ملک میں انڈسٹری بچانے کے لئے موثر اقدام کریں۔ آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کی بجائے حکومت ملک میں زر مبادلہ لانے والی انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لئے اقدام کرے۔