• news

قصور: 239 بچوں سے زیادتی ثابت‘ تحقیقاتی کمیٹی نے 15 ملزم گناہگار قرار دیدیئے

قصور (نامہ نگار) قصور کے نواحی گاؤں حسین خانوالہ میں سینکڑوں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطح کمیٹی نے اپنی حتمی رپورٹ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دی۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کمیٹی نے 15ملزمان کو گناہگار قرار دیدیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے متاثرین کے پولیس پر عدم اعتماد کے بعد جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جو ڈی آئی جی ابوبکر خدا بخش کی سرکردگی میں مختلف اداروں کے اعلیٰ افسران نے بلاتعطل درج کیے گئے تمام مقدمات کی تفتیش کی اور 400سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دیکر چالان عدالت میں پیش کر دیا۔ رپورٹ میں 239 بچوں سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے اور ملزموں میں حسیم عامر، تنزیل الرحمن عرف کالی، یحییٰ، سلیم اختر شیرازی، عتیق الرحمن، وسیم عابد، آصف اور دیگر شامل ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس نے قصور ویڈیو سکینڈل پر چالان پراسیکیوشن میں جمع کرا دیا۔ چالان ویڈیو سکینڈل کا چالان 100 صفحات پر مشتمل ہے۔ چالان میں ملزمان پر بچوں کو اغوا کرکے زیادتی اور ویڈیو بناکر بھتہ وصول کرنے کے الزامات ہیں چالان میں 5 بھائیوں سمیت 15 ملزمان کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ محکمہ پراسیکیوشن جانچ پڑتال کے بعد چالان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرے گا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت 19 اکتوبر کو کیس کی سماعت کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن