عمران انا پرستی چھوڑ دیں‘ آئیں ملک کی بہتری کیلے مل کر کام کریں: ایاز صادق
لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے مسلم لیگ ن کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ان کی الیکشن میں فتح سے عمران خان کی طرف سے لگایا گیا دھاندلی کا ہر الزام دھل گیا اور 53 ہزار ووٹ جعلی پڑنے کا الزام اپنی موت آپ مر گیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اچھرہ میں اپنے انتخابی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے سپیکر ہیں جنہیں صرف سوا دو ڈھائی سال میں دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقابلہ عبدالعلیم خان کے علاوہ عمران خان، جماعت اسلامی، عوامی تحریک اور ق لیگ سے تھا اور انہوں نے سب سے مقابلہ جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب انا پرستی چھوڑ دینی چاہیے اس الیکشن کے بعد سب کو اپنا اپنا کام کرنا چاہئے تاکہ عوام کی بہتری ہو اور ترقی۔ انہوں نے کہا عمران خان آئیں مل کر ملک کی بہتری کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا سیاسی قائدین کے خلاف نازیبا زبان کسی لیڈر کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے کی سیاست جاری رہی تو پاکستان میں چین سے آنے والی سرمایہ کاری متاثر ہو گی اور دیگر ممالک جو پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں وہاں سے بھی سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تین ہفتے پہلے ہی میں نے کہا تھا کہ عمران نتیجے کو تسلیم نہیں کریںگے۔ انہوں نے کہا ان کا پی پی 147 میں معیار اور ہے اور این اے 122 میں معیار دوسرا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر یہ دوہرا معیار کیوں؟علاوہ ازیں ایاز صادق گڑھی شاہو لاہور آئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا میری فتح نے پی ٹی آئی کا 56 ہزار جعلی ووٹوں کا الزام مسترد کر دیا۔ تحریک انصاف کو پتہ ہونا چاہئے، قومی اور صوبائی ووٹر لسٹ ایک ہی ہوتی ہے۔ غلطیوں اور کوتاہیوں کا ازالہ کریں گے۔ 2018ء کا الیکشن بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔