• news

وزیراعظم نے پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد تک اضافہ کی منظوری دیدی

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے پی آئی اے کے ملازمین کی تنخواہوں میں 45 سے 50 فیصد تک اضافہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ایئر لیگ ناصر جعفر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے ہدایت پر چیئرمین پی آئی اے نے پی آئی اے کے ایک سے دو سکیل تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں پچاس فیصد کا اضافہ کردیا ہے ،تنخواہوں میں اضافہ کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا ان کا کہنا تھا حکومت نے 17 سال بعد پی آئی اے کے ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا پی آئی اے کے بیڑے میں جہازوں کی تعداد 35 ہے رواں سال کے آخر تک یہ تعداد چالیس تک ہو جائے گی۔ گروپ 3 اور 4 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 45 فیصد اضافہ کیا گیا۔ قومی ائر لائن کے گروپ ایک سے چار تک کے ملازمین کی تنظیم ائر لیگ کے صدر عثمان خان نے بتایا کہ ہم نے پی آئی اے کی انتظامیہ کو تین نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا جس میں تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ سرفہرست تھا لیکن پی آئی اے کی انتظامیہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کا یہ مطالبہ پورا کرنے سے قاصر رہی جس کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے ملازمین کی آواز کو سنتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پی آئی اے کو فوری فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ جن ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے ان کو یکم اکتوبر سے 34فیصد اضافے کے تحت تنخواہ ادا کی جائے گی اور باقی یکم جون 2016 سے اضافہ کیاجائے گا۔ عثمان خان نے بتایا چارٹر آف ڈیمانڈ کے دیگر نکات جن میں فلائٹ سروس، ڈیلی ویجز اور دیگر مراعات کے بارے میں حکومت سے مذاکرات جاری ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن